آرمی چیف کی معاشی بحالی کیلئےحکومتی اقدامات کی حمایت کیلئےپاک فوج کے غیر …
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا 8واں اجلاس آج ہوا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف ، نگران وفاقی کابینہ، نگران صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔
آرمی چیف نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں نے کلیدی شعبوں میں منصوبوں پر پیشرفت اور متوقع سرمایہ کاری کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط سمیت دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافہ کو سراہا۔ فورم نے ان مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات دیں۔
کمیٹی نے نجکاری پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں مختلف سٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا اور رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات دیں۔
کمیٹی نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئےکیے جانے والے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی۔
کمیٹی نے سرمایہ کاروں کو خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی کو تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ کمیٹی نے معیشت کے اہم شعبوں میں ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے جاری شمولیتی نقطہ نظر کو سراہا۔
کمیٹی نے سمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
آخر میں، وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس آئی ایف سی کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔









