شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی منگنی شدہ اداکارائیں اُن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیتی ہیں۔
حال ہی میں آغا علی نے نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر میں آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی۔
پروگرام کے میزبان نے آغا علی سے پوچھا کہ “ہم نے یہ بات سُنی تھی کہ جو اداکارائیں منگنی شدہ ہیں وہ آپ کے ساتھ کام نہیں کرتیں، اس کی وجہ کیا ہے؟”
اس سوال کے جواب میں آغا علی نے کہا کہ “2016 اور 2017 میں کافی اداکاراؤں نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا تھا کیونکہ اُن کے منگیتر اُنہیں میرے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے”۔
آغا علی نے کہا کہ “پروڈیوسرز ڈراموں کی شوٹنگ سے کچھ روز قبل مجھے فون کرکے کہتے تھے کہ اداکارہ نے تمہارے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے”۔
اداکار نے کہا کہ “ایک ڈرامے کے لیے پاکستان کی معروف اداکارہ کو میرے ساتھ کاسٹ کیا گیا تھا، اُس وقت اُس اداکارہ کا نیا نیا بوائے فرینڈ بنا تھا اور وہ بوائے فرینڈ بھی اداکار ہی تھا”۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “جب شوٹنگ کا وقت قریب آیا تو اداکارہ نے میرے ساتھ کام کرنے سے منع کردیا کیونکہ اُن کے بوائے فرینڈ کا حکم تھا، پھر میں نے اس اداکارہ کے بوائے فرینڈ سے بات کی اور اُن سے پوچھا کہ آپ کیوں اجازت نہیں دے رہے لیکن اُنہوں نے مجھے وجہ نہیں بتائی”۔
آغا علی نے مزید کہا کہ “ڈراموں میں میرے کرداروں کی وجہ سے لوگ مجھے غلط انسان سمجھتے ہیں، اُنہیں لگتا ہے کہ میں ‘پلے بوائے’ ہوں جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے”۔
واضح رہے کہ ماضی میں آغا علی اور اداکارہ سارہ خان کے درمیان محبت کا رشتہ قائم تھا لیکن بعد میں دونوں کا بریک اَپ ہوگیا تھا، آغا علی سے بریک اَپ کے بعد سارہ خان نے گلوکار فلک شبیر سے شادی کرلی تھی جبکہ آغا علی اور حنا الطاف 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
سال 2022 سے حنا الطاف اور آغا علی کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جس پر جوڑے نے اپریل 2022 میں افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی۔