الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا عام انتخابات سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن میں اپیل تیار کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی جس کے بعد عدالت عظمیٰ کا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔اس سے پہلے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی آج ملاقات ہوئی تھی جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا تھا۔سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن کے علاوہ اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی ملاقات میں شریک تھے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل سنگل بینچ نے انتخابات کے لیے بیورورکریسی کی خدمات لینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 35 اور 36 کی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیا تھا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔









