
اسلام آباد: ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی ہفتہ کی رات سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
یہ دورہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے اور عالمی سطح پر درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا ہے، خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ بھی اتوار کو اسلام آباد پہنچیں گے، جس سے اس اہم سفارتی عمل کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو ہونے والے دو روزہ چہار فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ سمیت تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف ممالک سے رابطوں کے ذریعے خود کو ایک ممکنہ ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
دورے کے دوران مہمان وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب، ترکی اور مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، اور یہ دورہ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔









