امریکہ میں 30 سال قبل ملنے والی انسانی باقیات کی شناخت کرلی گئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں 30سال قبل ایک سیریل کلر کے گھر سے برآمد ہونے والی انسانی باقیات کی بالآخر شناخت کر لی گئی۔ دی مرر کے مطابق 1996ءمیں امریکی ریاست انڈیانا کے رہائشی ہربرٹ بومیسٹر نامی سیریل کلر کے گھر سے انسانی ہڈیاں برآمد کی گئی تھیں۔
ہربرٹ بومیسٹر نے اس آدمی کو قتل کرکے گھر کے صحن میں دفن کر دیا تھا۔ کورنر جیف جیلسن نے بتایا ہے کہ یہ ہڈیاں 34سالہ مینوئل ریسینڈیز کی ہیں جو اگست 1993ءمیں اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ جیف جیلسن کا کہنا تھا کہ مینوئل کی فیملی نے رواں سال کے آغاز میں اپنا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا، جس سے علم ہوا کہ یہ باقیات مینوئل کی ہیں۔
واضح رہے کہ 1996ءمیں تین بچوں کے باپ ہربرٹ بومیسٹر کی سفاکانہ وارداتوں کا پردہ فاش ہوا تاہم اس سے قبل کہ پولیس اس تک پہنچتی اور اسے گرفتار کرکے تفتیش کی جاتی اور اس کے جرائم کی تفصیل معلوم ہوتی، اس نے جولائی 1996ءمیں کینیڈا میں خودکشی کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہربرٹ بومیسٹر نے انڈیاناپولس میں متعدد ہم جنس پرست نوجوانوں کو قتل کیا۔









