
ویب ڈیسک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران دھمکیوں کے سامنے ہرگز سر نہیں جھکائے گا اور وہ ایک منصفانہ و متوازن معاہدے کے لیے جنیوا پہنچے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے جنیوا پہنچے، جہاں اہم سفارتی مشاورت متوقع ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد ایک ایسے معاہدے تک پہنچنا ہے جو انصاف اور توازن پر مبنی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھمکیوں کے آگے جھکنا ایران کی پالیسی کا حصہ نہیں اور نہ ہی اسے کسی دباؤ کے تحت فیصلے کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ان کا دورہ جنیوا ایسے عملی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ہے جو ایک ٹھوس اور قابل قبول معاہدے کی راہ ہموار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات کا مکمل تحفظ کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائے گا، جبکہ بات چیت میں امریکہ بھی فریق ہے۔









