امریکی سینیٹ نے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے 95 ارب ڈالر کا امدادی بل منظور کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ نے کئی ماہ کی سیاسی کشمکش کے بعد یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے لیے 95 بلین ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
اس پیکیج کے تحت یوکرین کے لیے 61 ارب ڈالر، حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے لیے 14 ارب ڈالر اور غزہ سمیت تنازعات والے علاقوں میں انسانی امداد کے لیے 10 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔
تائیوان سمیت ایشیا میں شراکت داروں کی حمایت اور چین کی جارحیت کو روکنے کے لیے 4.83 بلین ڈالر دیے جائیں گے۔
ڈیموکریٹس بل کو منظور کرنے کے حق میں تھے تاہم ریپبلکن پارٹی اس پر تقسیم نظر آئی۔ بل کی حمایت میں 70 جبکہ مخالفت میں 29 ووٹ پڑے، 22 ریپبلکنز نے بھی بل کے حق میں ووٹ دیا۔