انڈونیشیا میں عام انتخابات، سابق وزیردفاع کو واضح برتری حاصل
جکارتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیا کی تیسری سب سے بڑی جمہوریت اور مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت رکھنے والے ملک انڈونیشیا بھی انتخابات کا انعقاد ہوا ہے، جس میں سابق وزیر دفاع کو برتری حاصل ہے۔
آبادی کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے مسلمان ملک انڈونیشیا میں گزشتہ روز صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوا جو 6 گھنٹے جاری رہنے کے بعد مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ختم ہو گیا تھا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
صدارتی انتخابات میں وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو کو مضبوط برتری حاصل ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق وہ مخالفین انیس باسویدان اور گنجر پرانوو سے بہت آگے ہیں۔
72سالہ سابق جنرل پرابوو سوبیانتو کا کہنا تھا کہ غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے بعد وہ 55 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے واضح طور پر جیت کے لیے پراعتماد ہیں۔ان کے حریفوں انیس باسویدان اور گنجر پرانوو نے کہا ہے کہ وہ ملک کے الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ نتائج کا انتظار کریں گے۔
غیر سرکاری نتائج کی بنیاد پر جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے سابق جنرل پرابو سوبیانتو کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو الیکشن کمیشن کے سرکاری نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔









