
کراچی : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک میں کارپوریٹ کلچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک احسن قدم اٹھاتے ہوئے نان لسٹڈ کمپنیوں کے فزیکل شیئرز کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ایس ای سی پی کے نئے ضوابط کے مطابق نان لسٹڈ کمپنیوں کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف راغب کرنے کے لیے درج ذیل مراعات دی گئی ہیں۔
ایسی کمپنیاں جن کا پیڈ اپ کیپیٹل 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہے، ان کے لیے ایک سال کی سالانہ فیس، سیکیورٹی ڈپازٹ اور کنورژن فیس مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے۔ وہ کمپنیاں جن کا پیڈ اپ کیپیٹل 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے، انہیں صرف سالانہ فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ دیگر چارجز میں رعایت دی جائے گی۔
جو کمپنیاں رضاکارانہ طور پر اپنے شیئرز کو بک انٹری فارم (ڈیجیٹل) میں تبدیل کریں گی، انہیں بھی فیسوں میں خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ اب نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے اپنے فزیکل شیئرز کو ڈیجیٹل میں تبدیل کرنا لازمی ہے۔ کمپنیوں کو بونس شیئرز جاری کرنے، رائٹ شیئرز یا شیئرز کے ‘بائے بیک’ (دوبارہ خریداری) کے عمل کے لیے شیئرز کا ڈیجیٹل ہونا ضروری ہے۔
ڈیجیٹل شیئرز کے نفاذ سے ملکیتی تنازعات میں نمایاں کمی آئے گی، ریکارڈ محفوظ رہے گا اور نظام زیادہ موثر اور شفاف ہو جائے گا۔









