
راولپنڈی : باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم دھماکے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج نے دہشتگردانہ حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں 12 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کا مقصد چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا تھا، مگر فورسز نے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد حملہ آوروں نے دھماکہ خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے شدید دھماکہ ہوا اور 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جس میں ایک کمسن بچی شہید ہوگئی اور خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم بھرپور طریقے سے جاری رکھی جائے گی۔پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔









