
(ویب ڈیسک ) بلوچستان میں خوارج کا سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ ناکام بنا دیا گیا، آپریشن کے دوران 5 خارجی جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا۔ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے لدی گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں2 خودکش بمباروں سمیت 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مٹی کے 2 بہادر بیٹوں، نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شہید ہوگئے۔ شہید نائک طاہر خان کی عمر 39 سال تعلق ضلع ٹانک سے تھا، شہید لانس نائیک طاہر اقبال کی عمر 26 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں 5 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔انہوں نے خارجیوں کے خلاف کارروائی میں نائک طاہر خان اور لانس نائک طاہر اقبال کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے سیکیورٹی فورسز کے سپوتوں پر فخر ہے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان کی پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 5 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 2 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہید نائیک طاہر خان اور شہید لانس نائیک طاہر اقبال کی جرات کو سلام ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
Source link









