نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں براہموس ایروسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایک سابق انجینئر کو مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق نشانت اگروال نامی اس شخص کو ضلع ناگ پور کی ایک ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے سزا سنائی گئی ہے۔
عمر قید کے علاوہ نشانت اگروال کو مزید14سال قید بامشقت اور 3ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔ نشانت اگروال براہموس ایروسپیس کے ناگ پور میں واقع میزائل سنٹر کے ٹیکنیکل ریسرچ سیکشن میں ملازمت کرتا تھا۔ اسے 2018ء میں ملٹری انٹیلی جنس اور مہاراشٹر اور اترپردیش کے اینٹی ٹیررازم سکواڈز کے مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق نشانت اگروال چار سال تک اس ملازمت میں رہا۔ اس دوران اس نے مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو اپنے ادارے سے متعلق حساس نوعیت کی معلومات دیں۔ واضح رہے کہ براہموس ایروسپیس ، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آر ڈی او) اور روسی ملٹری انڈسٹریل کنسورشیم این پی او ماشینوستروینیاکا مشترکہ پراجیکٹ ہے۔