
(ویب ڈیسک ) بہار میں سرکاری تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا حجاب ہٹانے کے واقعے پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے غیر مبہم مذمت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایمنسٹی کے مطابق کسی عوامی عہدے دار کا عورت کے حجاب کو زبردستی ہٹانا، اس کی عزت، شناخت اور خودمختاری پر حملہ ہے۔ ایسے اقدامات معاشرے میں خوف کو فروغ دیتے اور مذہبی امتیاز کو معمول بناتے ہیں۔
انسانی حقوق تنظیم کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی عورت کے لباس یا عقیدے کی نگرانی کا حق حاصل نہیں۔وائرل ویڈیو میں نائب وزیر اعلیٰ کو وزیر اعلیٰ کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے وقت موجود دیگر وزرا اور اعلیٰ افسران کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایمنسٹی کے مطابق لباس اور مذہبی علامات پہننا یا نہ پہننا اظہار اور مذہبی آزادی کا بنیادی حق ہے۔
انسانی حقوق ماہرین کا کہنا ہے کہ واقعہ بھارت میں اقلیتی خواتین کے تحفظ پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے اور خواتین کے وقار کو یقینی بنایا جائے۔









