جہانگیر ترین کے بعد ایک اور جماعت کے سربراہ کا سیاست چھوڑنے کا اعلان
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بعد پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے بھی سیاست سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کے مطابق پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں سمیت سیاسی سے لا تعلق کا اعلان کر رہے ہیں، بیٹوں کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کروں گا، انہوں نے کہاکہ سیاست سے باہر رہ کر بھی ملک کی خدمت جاری رکھوں گا ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔ اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔پاکستان زندہ باد۔









