حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم میں سوگ,اسرائیلی جارحیت کے پیشِ نظر …
غزہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )
دنیا بھر کے مسیحی آج حضرت عیسیٰؑ کا یوم پیدائش منا رہے ہیں لیکن فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم کی فضا ءسوگوار ہے۔بیت اللحم کی انتظامیہ نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے پیشِ نظر کرسمس کی تقریبات منسوخ کر دیں ۔
“جیو نیوز ” کے مطابق شہر میں کرسمس کے موقع پر صرف دعائیہ تقاریب ہوئیں اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بیت اللحم کے مرکزی چوک پر ایک خصوصی آرٹ ورک کا انعقاد کیا گیا۔اس آرٹ ورک میں غزہ کی تباہی دکھا کر دنیا کی توجہ غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش صورتحال کی جانب مبذول کروانے کی کوشش کی گئی ہے۔
“جنگ ” کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیت اللحم کو ہر سال کرسمس کے موقع پر بہت خوبصورتی سے کرسمس ٹری اور لائٹس لگا کر سجایا جاتا ہے۔ بیت اللحم میں کرسمس کے موقع پر مسیحی زائرین کا ہجوم ہوتا ہے جو یہاں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس مذہبی تہوار کو مناتے ہیں اور شہر میں ایک جشن کا سماں ہوتا ہے لیکن رواں سال یہاں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔اس موقع پر فلسطینی وزیر برائے سیاحت کا کہنا تھا کہ سوائے بیت اللحم کے پوری دنیا کرسمس منارہی ہے۔ہم نے اس بار سادگی سے کرسمس منا کر دنیا کو پیغام دیا ہے کہ فلسطینی عوام مشکل میں ہیں، بیت اللحم مشکل میں ہے یہاں لوگ ملبے پر کرسمس منا رہے ہیں۔









