خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان میں احتجاج، امریکی قونصل خانے پر حملے کے دوران 8 افراد جاں بحق

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp
خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان میں احتجاج، امریکی قونصل خانے پر حملے کے دوران 8 افراد جاں بحق
خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان میں احتجاج، امریکی قونصل خانے پر حملے کے دوران 8 افراد جاں بحق

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، اس دوران مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر حملہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور آگ بھی لگا دی۔

مائی کولاچی امریکن قونصلیٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی اور 12 افراد زخمی ہیں جب کہ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مظاہرین نے سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی۔

علاوہ ازیں شہر کے بعض مقامات پر بھی کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ شہر کے اہم علاقوں نمائش چورنگی، عباس ٹاؤن اور ٹاور پر مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور سڑکوں پر نعرے بازی کی۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قونصل خانے کے باہر موجود احتجاجی مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا ہے اور اب حالات قابو میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حساس تنصیبات اور ریڈ زونز کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور علاقے کی نگرانی جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق قونصل خانے کے اطراف ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور کچھ مظاہرین نے پتھراؤ کیا جب کہ فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش جاری ہے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔

لاہور پریس کلب کے سامنے بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جب کہ مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے امریکا کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ لاہور کے باہر توڑ پھوڑ کی کوشش کی اور امریکی قونصل خانے کے سامنے لگا سیکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیا تاہم پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

پولیس نے مظاہرین کو امریکی قونصل خانے کے اندر جانے سے روک دیا، مظاہرین میں بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہر کی تمام حساس جگہوں پر صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف جماعتوں کے احتجاج کے لیے پولیس نے پیشگی سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔

فیصل کامران کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے باہر مظاہرین پرامن تھے اور پولیس سب کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر احتجاج کرنے والوں کے جذبات کا احترام ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک شخص نظر آنے پر فوری پولیس کو اطلاع دیں جب کہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد جاری ہے۔

کراچی میں موجودہ سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں اور سندھ رینجرز کی موبائل ویجیلنس ٹیمیں مختلف علاقوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق شہر کے حساس مقامات اور مرکزی شاہراہوں پر رینجرز کی بھاری نفری گشت میں مصروف ہے۔ اہم تنصیبات اور پبلک مقامات کی نگرانی کو مزید مؤثر بنادیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں۔ رینجرز حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی احتجاج کے دوران قانون شکنی اور توڑ پھوڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔

رینجرز کی جانب سے امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق صورت حال کے پیش نظر ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کردیے گئے ہیں جب کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر قسم کے اجتماعات غیرقانونی تصور ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی اجتماع کا حصہ نہ بنیں، احتجاج یا اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف ایران کے حق میں احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کے شرکا نے امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا، جس پر پولیس کی جانب سے احتجاجی شرکا پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ اس دوران احتجاجی ریلی کے شرکا نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوام شدت پسندی سے گریز کریں اور پرامن رہیں۔

شہنشاہ نقوی نے کہا کہ عالم اسلام اپنے رہبر سے محروم ہوگیا، یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے، رہبرمعظم کو سعادت اور شہادت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ایرانی قوم اور دنیا کے مظلوم اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور پوری دنیا کے مظلوم اپنی جدوجہد جاری رکھیں، شہادت ایک سعادت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں نمائش چورنگی پر مجلس عزا کا انعقاد کیا جارہا ہے، نمائش سے حسینیاں ایرانیان تک عزائی جلوس لے کر جائیں گے، ماتمی انجمنوں، عزا خانوں، اسکاؤٹ گروپس، تمام افراد سے اپیل ہے پُرامن رہیں۔

معروف عالم دین نے کہا کہ امریکی قونصل خانے کے باہر پیش آنے والا معاملہ انتہائی دکھ کی بات ہے، پاکستان نے سفارتی، اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی، پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھی ایران پر حملے کی مذمت کی۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر میاں چنوں ٹی چوک میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کے باعث ٹی چوک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

کوہاٹ کے علاقے کچا پکا استرزئی میں ایرانی رہبر علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

مقررین نے حکومتِ پاکستان سے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ظلم کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جائے۔

پاراچنار میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، مظاہرین نے امریکا اسرائیل مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

ریلی مرکزی امام بارگاہ پاراچنار سے نکالی گئی جو پریس کلب پاراچنار پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔ ریلی کے شرکا نے کہا کہ علی خامنہ ای ہماری ریڈ لائن تھے، اسلامی ملک کی سلامتی اور خود مختاری پر حملے نامنظور ہیں۔

گھوٹکی میں بھی آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ضلع بھر کے شہروں میں احتجاج کیا گیا، اس کے علاوہ میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، خان پور مہر سمیت ضلع بھر میں سخت احتجاج کیا گیا اور امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئی۔

جیکب آباد میں بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر احتجاج کیا گیا، شہریوں نے بڑی تعداد میں ڈی سی چوک پر دھرنا دے دیا جب کہ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکا مخالف شدید نعرے بازی کی۔

گلگت بلتستان میں مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شاہراہ قراقرم پر مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کے باعث شاہراہ قراقرم ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی۔

ہنزہ نگر میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جب کہ جوٹیال میں قائم اقوم متحدہ کا ذیلی دفتر نذر آتش کردیا گیا۔

Source link

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *