
ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما راجا ثاقب مجید نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
راجا ثاقب مجید کل یعنی 27 دسمبر کو کشمیر کونسل ہال اسلام آباد میں باقاعدہ طور پر مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شمولیتی تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت شرکت کرے گی۔
راجا ثاقب مجید کا تعلق مظفرآباد کے حلقہ 5 کھاوڑہ سے ہے، جو آزاد کشمیر کا ایک اہم اور روایتی طور پر سخت مقابلے والا حلقہ سمجھا جاتا ہے۔
اس حلقے سے اس وقت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر رکن اسمبلی ہیں، جو اب تک 10 انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، جن میں سے 7 میں کامیابی جبکہ 3 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ راجا ثاقب مجید نے ماضی میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر تین انتخابات میں حصہ لیا تاہم وہ کسی ایک میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے اندر بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے سخت مقابلہ متوقع ہے۔
سابق وزیر راجا عبدالقیوم، سابق ٹکٹ ہولڈر راجا ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی پارٹی ٹکٹ کے امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راجا عبدالقیوم نے پارٹی قیادت کو آگاہ کر رکھا ہے کہ ان کی طویل سیاسی قربانیاں ٹکٹ کی حقدار ہیں۔
مبصرین کے مطابق راجا ثاقب مجید کی مسلم لیگ ن میں شمولیت ایک اہم پیش رفت ضرور ہے، تاہم آئندہ انتخابات میں ان کے لیے راہ آسان نہیں ہوگی، کیونکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر اس حلقے میں ایک مضبوط سیاسی قوت سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود راجا ثاقب مجید اسمبلی تک پہنچنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔









