پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے ملازم کی پٹائی پر غلطی تسلیم کرتے ہوئے خدا اور عوام سے معافی مانگ لی۔
گزشتہ دنوں گلوکار راحت فتح علی خان کی ملازم کی پٹائی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں راحت فتح علی خان ملازم سے پانی کی بوتل کا پوچھتے رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاگرد کے ہمراہ ویڈیو بیان میں گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا تھاکہ یہ ویڈیو ایک استاد اور شاگرد کے آپس کے معاملے کی بات ہے، شاگرد اچھا کام کرتا ہے تو ہم اس کو اتنا ہی پیار بھی دیتے ہیں، اگر کوئی غلطی ہوتی ہے تو ہم اس کوسزا بھی دیتے ہیں۔
تشدد کا شکار شاگرد نوید حسنین کا بھی کہنا تھاکہ جس بوتل کی بات ہورہی ہے، اس پر راحت فتح علی خان کے مرشد نے پڑھا ہوا تھا، وہ بوتل مجھ سے گم ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ راحت فتح علی خان میرےاستادہیں جو بھی چل رہا ہے یہ سب جھوٹ ہے، وہ ہمارے مرشد ہیں ہمیں مار سکتے ڈانٹ بھی سکتے ہیں، جس نے ویڈیو بنائی ہے وہ بہت بڑا بلیک میلر ہے۔
اس واقعہ کے بعد راحت فتح علی خان کو سوشل میڈیا اور ان کے فین کی جانب سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
تاہم اب گلوکار راحت فتح علی خان نے ویڈیو پیغام اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں خدا اور عوام سے معافی چاہتا ہوں۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ مجھے کسی دوسرے انسان سے ایسا سلوک نہیں کرنا چاہیے تھا، فن قوالی سے وابستہ اپنے خاندان سے بھی معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے رویے سے میرے جن تعلق والوں کو تکلیف ہوئی،ان سب سے معافی مانگتا ہوں، یہ غلطی آئندہ کبھی نہیں ہوگی، یہ ویڈیو بھی 9ماہ پرانی ہے۔
اس سے قبل بھی راحت نے کہا تھا کہ میں نے اسی وقت اپنے شاگرد سےمعافی بھی مانگی تھی اور اب سب کے سامنے اب بھی مانگتا ہوں۔