بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے کے بارے میں بتا دیا۔
جھانوی کپور نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں یہ انکشاف کیا کہ میں نے جب اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو اپنی والدہ سے مختلف انداز اپنایا اور یہ فیصلہ کیا کہ میں اپنی والدہ، اداکارہ سری دیوی سے اپنا کیریئر بنانے کے لیے کسی قسم کی مدد نہیں لوں گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی والدہ کو شوٹنگ کے دوران سیٹ پر آنے اور کسی بھی قسم کی مدد کرنے سے منع بھی کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ میری طرح اور بھی بہت سے نئے چہرے انڈسٹری میں آ رہے ہیں ان سب کی رسائی تو سری دیوی تک نہیں ہے تو اس لیے اگر میں اپنے کام کے حوالے سے اپنی والدہ سے مشورہ لوں گی تو یہ ان سب نئے چہروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ اب مجھے اپنی یہ سوچ احمقانہ لگتی ہے کیونکہ میں سری دیوی کی بیٹی ہوں اور میں ان سے بھاگ نہیں سکتی تھی لیکن میں نے لوگوں کی باتوں کو بہت سنجیدگی سے لے لیا اور اب مجھے اس بات پر پچھتاوا ہے۔
جھانوی کپور نے بتایا کہ میری والدہ میرے ساتھ سیٹ پر رہنا چاہتی تھیں اور میری مدد کرنا چاہتی تھی لیکن میں نے منع کیا یہ میری زندگی کا سب سے بڑے پچھتاوا ہے۔