
ویب ڈیسک: امریکا کی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں ہلچل مچانے اور اوپن اے آئی کو بری طرح مات دینے کے بعد چینی ڈیپ سیک نےسائبر حملے کے بعد سروسز کوعارضی طور پر معطل کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چند گھنٹے قبل امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری کو تنبیہ کی اور کہا کہ چینی ایپ کے بعد ’ہماری انڈسٹری کو جاگ جانا چاہیے۔‘
انھوں نے چینی ایپ کو ’مثبت پیشرفت‘ قرار دیا اور کہا کہ ’ امریکا کے پاس سب سے عظیم سائنس دان ہیں اور یہ بات مجھے چینی قیادت بھی بتا چکی ہے۔‘
دوسری جانب ڈیپ سیک نے کہا ہے کہ وہ عارضی طور پر رجسٹریشن محدود کر رہے ہیں جس کی وجہ اس کے سافٹ ویئر پر ہونے والے بڑی پیمانے کے حملے ہیں۔ یاد رہے کہ اس چیٹ باٹ کے سامنے آنے کے بعد امریکہ کی مصنوعی ذہانت کے شعبے پر بالادستی اور اس شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
صرف ایک ہفتہ قبل ہی اوپن اے آئی سمیت دیگر کمپنیوں کے گروہ نے امریکہ میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ‘تاریخی سرمایہ کاری’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ٹیکنالوجی کا مستقبل امریکا میں ہی رہے گا۔’









