
اسلام آباد:پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں افواجِ پاکستان نے “آپریشن غضب للحق” کا آغاز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سرحد پار دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔ پاک فضائیہ نے افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے صوبہ لغمان میں افغان طالبان کا بڑا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈ کوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طور پر تباہ کر دیے ہیں۔
مہمند سیکٹر کے قریب سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی ایک اہم چیک پوسٹ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا، جو پاکستانی چوکیوں پر حملوں کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق، پاکستانی مسلح افواج کے مربوط حملوں نے دشمن کی دفاعی لائن کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ان کی جارحانہ صلاحیت کو مفلوج کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی۔ یہ جوابی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہیں اور صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔









