
راولپنڈی/اسلام آباد: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی جانب سے مسلسل بلااشتعال فائرنگ اور اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ’آپریشن غضب للحق‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس بھرپور جوابی کارروائی میں اب تک افغان طالبان کے 30 اہلکار ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے و چوکیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے سرحد کے مختلف مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر پاکستانی فورسز نے فوری اور سخت ردِعمل کا اظہار کیا۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ناوگئی سیکٹر (باجوڑ) اور تیراہ (خیبر) میں بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 اہم چوکیاں تباہ کر دی گئیں جبکہ چترال سیکٹر میں بھی افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر ملیا میٹ کر دیا گیا۔
افغان طالبان نے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، جسے پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا اور تمام کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے موثر گولہ باری جاری ہے۔ ڈرونز کے ذریعے چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث حملہ آور اپنی جانیں بچا کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعووں اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔









