سعودی عرب نے بھارتی عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کے لئے اہم اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر حج اور عمرہ توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے بھارت میں نئے ویزا مراکز کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب عمرہ پر ہندوستانی زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کوسہولت فراہم کرنے کیلیے سستی پروازیں بھی متعارف کرائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ایک سرکاری دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں، جس کا مقصد ہندوستانی حکام اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا اور بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ کی سہولت کو ہموار کرنا ہے۔
دہلی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیرحج اور عمرہ کا کہنا تھا کہ ویژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے ایک حصے کے طورپر، مملکت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کیلیے عمرہ کو”ایک فائدہ مند مذہبی سفر میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں ہندوستان سے عمرہ زائرین کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 74 فیصد اضافہ ہوا اور زائرین کی تعداد 12 لاکھ سے زیادہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی کم لاگت والی ایئر لائنز، فلائی ناس اور فلائیڈیل کے ذریعے نئی شیڈول پروازیں متعارف کروا کر متوقع نمو کو پورا کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کو بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ”عمرہ کرنے کے خواہشمند ہندوستانیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایڈجسٹ کرنے”کے لیے اپنے درمیان براہ راست پروازیں بڑھانے کے لیے بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔ سعودی وزیر نے کہا کہ یہ اضافہ سعودی عرب اور ہندوستان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔