
کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئی پنشن اسکیم کی منظوری دے دی ہے، جس کا اعلان وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نئی پنشن اسکیم یکم جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین پر لاگو ہوگی۔
کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ خزانہ سندھ پنشن فنڈ مینیجرز کے ساتھ معاہدہ کرے گا، جو کہ ایس ای سی پی (سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان) میں رجسٹرڈ ہوں گے۔
اسکیم کے تحت، پنشن فنڈ مینیجرز چار ذیلی فنڈز کی نگرانی کریں گے جن میں منی مارکیٹ، قرضہ، ایکویٹی انڈیکس، اور ایکویٹی شامل ہیں۔
مزید یہ کہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ قدرتی موت یا معذوری کی صورت میں 10 لاکھ روپے کی انشورنس فراہم کی جائے گی، جبکہ حادثاتی موت کی صورت میں انشورنس کوریج 20 لاکھ روپے تک ہو گی۔ انشورنس کی رقم ہر سال 10 فیصد بڑھائی جائے گی۔









