سپریم کورٹ کا بیرسٹرگوہر کے گھر چھاپےکا نوٹس
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر خان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کا نوٹس لے لیا۔
عدالت کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کو معاملے کی تحریری رپورٹ دینے کی ہدایت کردی گئی۔
پی ٹی آئی کے بلے کے نشان سے متعلق سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، ہو ا کیا تھا، آپ ان کے گھر پر کیوں گئے تھے۔
آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا کہ ابھی مزید تحقیق کر رہے ہیں، مکمل معلومات نہیں ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تحفظ ہر شہری کا حق ہے، معاملے کی تحقیقات کریں۔ اسی دوران پی ٹی آئی وکیل حامد خان بھی روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ ہم نے پشاور میں الیکشن بھی اسی لیے کرائے تھے کہ یہاں سکیورٹی کا مسئلہ تھا۔
آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ان کے گھر گئی تھی، پولیس پارٹی کو معلوم ہوا کہ ان کے گھر میں کوئی مجرم گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے استفسار کیا کہ وہ کون تھا جس کے پیچھےپولیس گئی تھی جس پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ یہ کوہسارپولیس سے معلوم کرکے بتاؤنگا۔









