سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن،دہشتگرد جہنم واصل
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران جوانوں اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشتگرد نیکمان اللہ ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارا گیا دہشتگرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔









