چند ماہ قبل شادی کی 25ویں سالگرہ منانے والی پاکستانی فلموں کی معروف فنکار جوڑی صاحبہ اور ریمبو کو سوشل میڈیا صارف نے گیم شو میں شرکت نہ کرنے کا دلچسپ مشورہ دے دیا۔
حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے۔ ایسے میں اداکارہ صاحبہ کو ایک صارف نے دلچسپ مشورہ دیتے ہوئے گیم شو میں شرکت نہ کرنے کی تلقین کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ صاحبہ نے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جو ان کی شادی کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر لی گئی تھی۔
اس تصویر کے ساتھ ہی ایک کیپشن بھی ہے جس میں ایک صارف نے صاحبہ کو مشورہ دیا ہے کہ بس اپنے شوہر (ریمبو) کو گیم شو سے دور رکھیں، وہاں ڈبے میں کچھ بھی نکل آتا ہے۔
صارف کی جانب سے اس اہم مشورہ پر صاحبہ نے بھی اپنا ردعمل دیا اور لکھا کہ ’آپ کے مخلصانہ مشورے کے لیے شکریہ بھائی۔
اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی شعیب اور ثناء کی جوڑی کو مبارک باد بھی دی۔