صومالیہ میں اقوام متحدہ کے ہنگامی لینڈنگ کرنے والے ہیلی کاپٹر پر مسلح تنظیم …
موغا دیشو(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی افریقہ کے ملک صومالیہ میں اقوام متحدہ کے ہنگامی لینڈنگ کرنے والے ہیلی کاپٹر پر مسلح تنظیم الشباب کے جنگجوﺅں نے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور 5کو اغواءکر لیا۔ صومالیہ کی وسطی ریاست گالمودگ کے داخلی سلامتی کے وزیر محمد عبدی عدن گبوبے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیلی کاپٹر نے انجن فیل ہو جانے پر شندھیرے نامی گاﺅں کے قریب لینڈنگ کی۔
ہیلی کاپٹر میں ایک صومالی شہری اور 5غیرملکی سوارتھے۔ حملہ ہونے پر ان میں سے ایک نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ باقی پانچ افراد کو حملہ آور اغواءکرکے لے گئے۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بھی اس واقع کی تصدیق کی ہے۔
صومالی ایوی ایشن کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں میڈیکل کے شعبے کے افراد اور فوجی سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر ان لوگوں کو لے کر صومالیہ کے شہر وسل جا رہا تھا۔واضح رہے کہ الشباب تنظیم کی طرف سے حالیہ مہینوں میں صومالی فوجی اڈوں پر حملوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ تنظیم ملک کی فوج کے خلاف جنگ لڑرہی ہے اور جنوبی و وسطی صومالیہ کے بعض حصے اس کے قبضے میں ہیں۔









