پاکستانی اداکار علی افضل خان کا کہنا ہے کہ ان کے شوبز سے کنارہ کشی اور دینی ماحول فراہم کرنے میں معروف نعت خواں جنید جمشید نے اہم کردار ادا کیا۔
حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران علی افضل خان نے شو بز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے بتایا۔
علی افضل خان کے مطابق میں نے 20 سے 22 انڈسٹری میں کام کیا، اپنے طویل کیریئرکے دوران میں نے بطور اداکار و میزبان کئی پراجیکٹس کیے، اسی دوران چونکہ معروف نعت خواں سنگر تھے اور میں ایکٹر تھا ہماری اکثر وبیشتر ملاقات ہوتی رہتی تھی۔
سابق اداکار کے مطابق میزبانی کے دوران قرآن کو جاننا اور سمجھنا شروع کر دیا تھا لیکن اس کے بعد جب ذاتی اختلافات کی بنا پر میزبانی چھوڑی تو جنید جمشید نے تبلیغ کی طرف مائل کر دیا، اس دوران پہلے تین اور پھر 40 دن کاچلا کاٹا، نماز باقاعدگی سے پڑھنا شروع کردی، اس کے بعد میرے پاس دو راستے تھے شوبز سے دوری یاپھر دین سے لگاؤ، میں نے شوبز سے کنارہ کشی کرکے دین کا راستہ منتخب کر لیا۔
سابق اداکار نے بتایا کہ ایک اداکار جو کہ اپنے کیریئر کی بلندی پر ہو اس کے لیے اپنا کیریئر چھوڑنا آسان نہیں ہوتا لیکن میں نے شوبز چھوڑنے سے 8 سے 9 ماہ پہلے تہیہ کر لیا تھا کہ میں شوبز چھوڑ دوں گا اس کے بعد میں نے کنٹریکٹس کرنا بند کر دیے۔