
ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی سے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، جس میں کوئی صداقت نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کو علاج کی ہر ممکن اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے، اسی لیے بانی پی ٹی آئی کو یہ پیشکش بھی کی گئی کہ اگر وہ چاہیں تو اپنے کسی ذاتی ڈاکٹر کا نام دے سکتے ہیں تاکہ طبی معائنے کا عمل مکمل طور پر واضح اور قابلِ اعتماد ہو۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے رابطوں کا عمل کسی خط کے بعد شروع نہیں ہوا۔ ان کے مطابق محمود خان اچکزئی کے خط سے پہلے ہی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے موجود تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی معاملات کے حل پر یقین رکھتی ہے۔









