
راولپنڈی: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 18 ویں نیشنل ورکشاپ آن بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور سٹریٹجک اہمیت پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان کی معاشی صلاحیت عوام کے فائدے کے لیے بروئے کار لائی جا رہی ہے۔
فیلڈ مارشل نے سول سوسائٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ پروپیگنڈے کے توڑ اور پائیدار ترقی میں انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ذاتی اور سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بھارتی سرپرستی میں چلنے والے پراکسی عناصر کی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو سخت کارروائیوں سے ناکام بنائیں گی، پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کمٹمنٹ غیر متزلزل ہے، اور پاکستان کی خودمختاری یا سرحدی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
نشست کا اختتام سوال و جواب کے تفصیلی سیشن پر ہوا، جس میں فیلڈ مارشل نے شرکا کے تمام سوالات کے جوابات دیے۔









