
سرینگر / راولپنڈی : مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک جذباتی ویڈیو نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، جس میں ایک کشمیری شہری نے سپاہ سالارِ پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مقبوضہ وادی کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانے کی پردرد اپیل کی ہے۔
وائرل ویڈیو میں کشمیری شہری انتہائی جذباتی ہے اورکہتا ہے کہ سپاہ سالارِ امت عاصم منیر صاحب! مقبوضہ کشمیر آپ کی راہ دیکھ رہا ہے۔ اللہ اور اس کے رسول (ﷺ) کے بعد اب کشمیریوں کی تمام تر نظریں آپ پر جمی ہوئی ہیں۔
شہری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی مظالم سہہ رہے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو کفر کے قبضے سے آزاد کروایا جائے۔
کشمیری شہری نے پاکستانی فوج کے سربراہ کو “فیلڈ مارشل” کے لقب سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کفار کے قبضے سے آزادی کا وقت اب قریب ہے اور پاکستان کی عسکری قیادت ہی ان کی آخری امید ہے۔ اس نے مزید کہا کہ وادی کا بچہ بچہ پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے کہ کب کشمیریوں کو اس جبر سے نجات ملے گی۔
یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں اور بھارتی فوج کا محاصرہ برقرار ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، جسے کشمیریوں کی پاکستان اور اس کی فوج سے گہری محبت اور غیر متزلزل اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔









