
رسالپور: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح تینوں مسلح افواج کی شاندار ہم آہنگی، بروقت فیصلہ سازی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مؤثر قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کی قومی خودمختاری کو دوبارہ چیلنج کیا گیا تو دشمن ایک ایسی پاک فضائیہ کا سامنا کرے گا جو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط، جدید اور تیار ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے سعودی کیڈٹس کی شرکت کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی اور فوجی تعاون کی مضبوط علامت قرار دیا۔ انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ وہ مادرِ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کی عظیم ذمہ داری کے امین ہیں اور پوری قوم کی امیدیں ان سے وابستہ ہیں۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی قومی طاقت کے تمام عناصر کے باہمی اتحاد اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد کا نتیجہ تھی۔ دشمن کی عددی برتری کے باوجود پاک فضائیہ نے اپنی روایتی جرات اور کم وسائل میں بہترین کارکردگی کی میراث برقرار رکھی اور جدید دشمن طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ تصادم جدید فضائی جنگ کا ایک نصابی نمونہ بن گیا ہے، جس میں پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور تکنیکی جدت کو منوایا۔ مالی چیلنجز اور محدود وسائل کے باوجود پاک فضائیہ نے سمارٹ انڈکشن پروگرام کے تحت جدید ترین لڑاکا طیارے اور ٹیکنالوجیز ریکارڈ وقت میں شامل کیں۔
ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن دوست ملک ہے اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام افواج کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور قوم کی مضبوط حمایت کو پاک فوج کی کامیابیوں کی اصل قوت قرار دیا۔
قبل ازیں اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں گریجویشن پریڈ کا انعقاد ہوا، جس میں 151 جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ، 108 ایئر ڈیفنس کورس سمیت مختلف شعبوں کے کیڈٹس نے حصہ لیا۔ رائل سعودی ایئر فورس کے 98 ای سی کے کیڈٹس نے بھی پاس آؤٹ کیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔









