مردہ قراردیا جانےوالا شخص ایمبولینس کے جھٹکے سے زندہ ہوگیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک ہسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دیا گیا 80 سالہ شخص ایمبولینس کو لگنے والے جھٹکے پر زندہ ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹرز کی جانب سے چار دن تک وینٹی لیٹر پر رہنے والے درشن سنگھ کی موت کی تصدیق کے بعد ان کے رشتے دارلاش آخری رسومات کے لیے پٹیالا سے کرنال کے قریب ان کے گھر لے جارہے تھے کہ ایمبولینس کے ٹائر ایک گڑھے میں میں پھنس گئے۔ ایمبولینس کو جھٹکا لگنے کے بعد درشن سنگھ کے پوتے نے ان کے ہاتھ کو ہلتا دیکھ کر قریبی ہسپتال کا رخ کیا۔ درشن سنگھ کے رشتے داروں کا کہنا تھا کہ ان کا دوبارہ زندہ ہونا معجزہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد انہیں زندہ قرار دیا۔ دل کے مریض درشن سنگھ کرنال کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے تاہم ان کے اہل خانہ ان کی صحت یابی کے لیے پرامید ہیں۔









