پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بینا چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں گزشتہ کچھ دنوں سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ڈراموں میں اپنے معاون اور منفی کرداروں کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والی سینیئر اداکارہ بینا چوہدری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکااؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
بینا چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ “گزشتہ کچھ دنوں سے مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ میرا قتل کردیا جائے گا”۔
اداکارہ نے کہا کہ “دھمکیوں میں کہا جارہا ہے کہ اگر میں نے اپنی زبان بند نہیں رکھی تو مجھے مار دیا جائے گا”۔
اُنہوں نے کہا کہ “ویڈیو بنانے کا مقصد یہی ہے تاکہ اگر کل کو میرے ساتھ کچھ ہوگیا تو سب کو یہ بات معلوم ہو کہ مجھے پہلے ہی دھمکیاں مل رہی تھیں”۔
بینا چوہدری نے مزید کہا کہ “میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں اُن تمام لوگوں کے نام ہیں جو مجھے قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں تو اگر کل کو میرا قتل ہوا یا میرے ساتھ کوئی حادثہ پیش آیا تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آجائے گی”۔
واضح رہے کہ بینا چوہدری کو پاکستان شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے دو دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے، وہ تین درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔
وہ ڈراموں میں زیادہ تر معاون اور منفی کردار ادا کرتی ہیں اور اُن کے منفی کرداروں کی وجہ سے اکثر اُنہیں تنقید کا سامنا بھی رہتا ہے۔