بھارتی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار تھلاپتی وجے نے تامل ناڈو میں اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی جنرل کونسل کے 200 ارکان نے انھیں صدر بھی منتخب کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رجنی کانت کے بعد ساؤتھ انڈیا میں سب سے مقبول اور مہنگے اداکار تھلاپتی وجے نے سیاست میں بھی میدان مارنے کی تیاری کرلی ہے۔ وہ ایک نئی پارٹی کی رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔
رجسٹریشن سے قبل ہی اس پارٹی کے 200 ارکان نے صدر، جنرل سیکرٹری اور خزانچی کا انتخاب کرلیا جب کہ ایک سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
پارٹی کی جنرل کونسل نے اداکار وجے کو پارٹی کے نام اور رجسٹریشن کے بارے میں فیصلہ کرنے اور انتخابی سیاست میں اترنے کا اختیار دیدیا۔ ابھی پارٹی کے نام اور جھنڈے کے بارے میں فیصلہ کیا جانا باقی ہے۔
خیال رہے کہ اداکاری کے ساتھ ساتھ وجے اپنے چیئریٹی اور فلاحی کاموں جیسے کھانوں کی مفت تقسیم، تعلیمی وظائف، لائبریریاں، شام کی فری ٹیوشن اور مفت قانونی مدد کی فراہمی کے باعث تامل ناڈو میں کافی شہرت رکھتے ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے امتحانات میں ٹاپ کرنے والے طالب علموں کو انعامات دینے کے لیے حلقہ وار پروگرام منعقد کیا تھا جس میں انھوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ امبیڈکر، پیریار، کامراج جیسے لیڈروں کے بارے میں پڑھیں۔ جو اچھا لگے اسے لے لو اور باقی چھوڑ دو۔