
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں ایک توسیعی مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چاروں صوبوں کی قیادت، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندے شریک تھے۔
اجلاس میں ملک میں تیل و گیس کی فراہمی پر دباؤ، بڑھتی ہوئی توانائی کی لاگت اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔ صدر نے زور دیا کہ معاشی طور پر کمزور طبقات کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
صدر نے عوامی آگاہی بڑھانے کی بھی ہدایت دی، جس میں ایندھن کے استعمال میں کمی، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ اور مشترکہ سفری سہولیات کو اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ مل کر ضروری اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا، جن میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کی قیادت سے رابطے شامل ہیں، اور اپنے آئندہ دورۂ چین کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
اجلاس کو یقین دہانی کرائی گئی کہ عالمی بحران کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں آیا اور مستقبل کی ضروریات کے لیے مناسب انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت اپنے اخراجات کم کیے ہیں، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو محدود کیا گیا ہے۔









