
پولیس نے منڈی بہاؤالدین میں احمدی برادری کے دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے مرکزی ملزم ہتھیار سمیت گرفتار کر لیا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق ملزم نے فائرنگ کرکے 50 سالہ اور 25 سالہ شخص کو قتل کردیا تھا۔ اس حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ 50 سالہ شخص نماز پڑھ کر واپس جب کہ 25 سالہ شخص بازار جارہا تھا کہ پھالیہ پولیس سرکل کے سدولہ پور علاقے میں انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
منڈی بہاؤالدین کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) احمد محی الدین نے بتایا کہ اہم ٹارگٹ کلر کو سعد اللہ پور سے قتل کے ہتھیار سمیت گرفتار کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں فائرنگ میں ملوث تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو پولیس کی سخت حفاظت میں بھگت تھانے سے صدر سرکل تھانے منتقل کر دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور ڈی پی او محی الدین کو وقوعہ پر تعینات کیا گیا اور شواہد اکٹھے کیے گیے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے پھالیہ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا، جس کے بعد انہیں رشتہ داروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔









