موٹرسائیکل پرعمرہ کا شوق، اردنی مسلمان کا موٹرسائیکل پرتین ہزار کلومیٹرسفر
طفیلہ ،اردن (ڈیلی پاکستان آن لائن )ہر سال لاکھوں مسلمان حج اور عمرہ کیلئے پوری دنیا سے حجاز مقدس آتے ہیں، کئی اس مقدس سفر کو یادگار بنانے کیلئے غیر روایتی طریقے سے بھی آتے ہیں،اردن کے عمر زحیمات ایسے ہی مسلمان ہیں جو عمرہ کے لئے موٹرسائیکل پر دونوں طرف تین ہزار کلو میٹر کا سفر طے کرکے مکہ معظمہ، وہاں سے اردن پہنچے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے عمر زحیمات نے اپنے اس منفرد سفر کی روداد بیان کی، انہوں نے یہ خیال طفیلہ گورنری میں موٹرسائیکل سواروں کے ایک گروپ اور اردن میں موٹرسائیکل چلانےوالوں کے سامنے پیش کیا لیکن ان کی طرف سے اسے کوئی جواب نہیں ملا،الزحیمات اردن کے ایک سرکاری محکمے میں ملازم ہیں اور پانچ بچوں پر مشتمل ایک خاندان کے سربراہ ہیں، انہوں نے2018ء میں موٹرسائیکل خرید کر اور اردن کی تمام گورنریوں کا دورہ کرنے کے بعد ایک نیا فیصلہ کیا، اس کے تحت اس نے موٹرسائیکل پر عمرہ کا سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔
زحیمات طفیلہ گورنری سے ہوتے ہوئےالدرہ کراسنگ سے سعودی عرب کے علاقے ضبا اور وہاں سے مویلح کا سفر کیا، مویلح سے آگے انہوں نے میقات کے مقام سے احرام باندھا جہاں سے وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے کیلئے مکہ معظمہ کے لئے روانہ ہوئے،سفر کی مشکلات کے بارے میں الزحیمات نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ چیزیں بہت آسان تھیں لیکن گرم موسم اور تیز ہوا میں احرام کے لباس میں موٹر سائیکل چلانا سب سے بڑا مسئلہ تھا ،انہوں نے بتایا کہ 1,500 کلومیٹر کا فاصلہ ایک طرف طے کیا اور اتنا ہی فاصلہ واپس کیا، پورے سفر کے دوران 152 لٹر کے حجم کے ساتھ ایندھن بھرنے کے لئے 10 سٹیشنوں سے پٹرول ڈلوایا۔









