نئی کہانیوں پر فلمیں بنانے کی ضرورت ہے، سبین خان
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ سبین خان نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کاکام لیا جاتا ہے جب کہ معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کا اس سے بہترکوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے۔ سبین خان نے کہا کہ دنیاکی تمام بڑی فلم انڈسٹریز میں ایسی نت نئی کہانیوں پرفلمیں بنائی جارہی ہیں جن کو دیکھ کرعقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ان فلموں میں ہماری زندگی سے وابستہ ان تمام شعبوں کو خوبصورتی سے پیش کرنے کے ساتھ ایسی دلچسپ اندازسے معلومات دی جاتی ہے کہ لوگوں کو اس سے سیکھنے کا موقع ملتاہے اوران کے مسائل میں بہت کمی آجاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں لالی ووڈ میں بننے والی فلموں کی تعداد میں جہاں ہر سال حیرت انگیزکمی آتی رہی ہے، وہیں ان کا معیار بہترہونے کے بجائے متاثرہوا تھا۔
انہوںنے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد نے پاکستانی فلم سے دوری اختیارکی اوران کا رجحان ٹی وی ڈراموں، تھیٹرکے ساتھ ساتھ غیرملکی فلموں کی جانب بڑھا۔ مگراب ایک مرتبہ پھر سے پاکستانی فلم کا معیار بہترہورہا ہے۔ اس میں کچھ خامیاں دکھائی دیتی ہیں لیکن ان کو درست کیاجاسکتا ہے۔