ویب ڈیسک : نان فائلرز پر پابندیوں کی تجویز سینٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور، بیرون ملک سفرکرسکیں گے نہ کاروبار، سمز ، بجلی ، گیس کے کنکشنز بھی بند۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چئیرمین سلیم مانڈوی والاکے زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظورکرلی۔
رپورٹ کے مطابق چئیرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کمیٹی کو آگا ہ کیا کہ ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے خلاف انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت کارروائی ہوگی،حج ، عمرہ ، چھوٹے بچوں، طلبا اور نائکوپ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو استثنا حاصل ہوگا۔ اسی طرح نان فائلرز کی موبائل سمز، بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کردئیے جائیں گے۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ نان فائلرز کے بیرونی ملک سفر پر پابندی کا مطلب ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام آنا ہی سمجھا جائے ۔
چئیرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ کا کہنا تھا کہ نان فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی زیادہ ہے، نان فائلرز کی موبائل سمز اور کاروبار بھی بند کیا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ نان فائلرز کی فہرست میں سالانہ 20 لاکھ سے زائد آمدن والے لوگ ہیں۔ ماضی میں یہ لوگ ٹیکس ریٹرن میں اپنی آمدن ظاہر کرچکے ہیں۔ صرف گاڑی، پلاٹ یا گھر خریدنے کے لئے وقتی فائلر بننے والوں کو بھی اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔