سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ نے ایپ کی میموری کو بچانے اور تصاویر اور ویڈیوز کی رازداری کے تحفظ کے لئے اگست 2021ء میں ”ویو ونس“ فیچرمتعارف کروایا تھا۔ اس فیچر کے تحت بھیجی گئی تصویر یا ویڈیو چیٹ کو کھولنے کے بعد منظر سے غائب ہوجاتی ہے۔
یہ سہولت اب تک صرف موبائل ایپ کے لیے دستیاب تھی لیکن اب اس سہولت سے ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے۔
میٹا کی ملکیت والی میسجنگ ایپ کے اپ ڈیٹس کو ٹریک کرنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق، اس فیچر کو واٹس ایپ کے ویب ورژن اور ڈیسک ٹاپ ایپ پر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ایسے پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار دیکھنے کے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گے۔
ویب ورژن یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر جب کوئی صارف کوئی تصویر یا ویڈیو اپ لوڈ کرتا ہے تو وہاں ایک 1 آئیکون ظاہر ہوتا ہے، جس پر کلک کرکے پیغام کو ایک بار ویڈیو کے طور پر بھیجا جاسکتا ہے۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ کو لیک ہونے کے خطرے کے بغیر شیئر کرنے کی اجازت فراہم کرے گا۔ جس سے صارفین کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ میں ویو ونس کے تحت بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کے اسکرین شاٹس لینا فی الحال ممکن نہیں ہے۔
رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ نیا فیچر ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن کے کچھ صارفین کے لیے دستیاب ہے جب کہ اسے آئندہ تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا جائے گا۔