
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر آج 5 روزہ سرکاری دورہ کیلئےچین پہنگ گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ساتھ لاہور سے چین کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا آج 4 جون سے شروع ہونے والا دورۂ چین 8 جون کو اختتام پزیر ہو گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف چینی شہر شینزین کا دورہ 4 اور 5 جون کو جبکہ 6 سے 7 جون تک چین کے شہر بیجنگ کا دورہ کریں گے۔جبکہ 8 جون کو چین کے شہر ژیان کا دورہ کریں گے اور 8 جون کو چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔
شہباز شریف بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔وزیراعظم نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژا لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔
دونوں فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مزید اپ گریڈ کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کریں گے۔یہ بات چیت سلامتی اور دفاع، توانائی، خلائی، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے کی جائے گی۔
یہ دورہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پُرامن اور قابلِ عمل ماحول دینے میں کردار ادا کرے گا۔دورے سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کا موقع ملے گا، وزیرِ اعظم کے دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔
وزیرِ اعظم کا دورہ پاک چین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے دونوں ممالک کو طویل مدتی فوائد ملیں گے۔









