
اسلام آباد:وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عوام کی صحت کے حوالے سے گہری فکر مند ہیں اور ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دے رہے ہیں۔ حکومت نے مریضوں کو بیماری سے بچانے اور علاج کو آسان بنانے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں ٹیلی میڈیسن سینٹر کام کرنا شروع کر چکا ہے، جس سے دور دراز علاقوں کے مریض بھی طبی مشورہ حاصل کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں، مریضوں کو ایک کروڑ روپے کی ادویات کا پیکج مفت فراہم کیا جائے گا۔
پمز ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لیے بھی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی، جس کے اخراجات میں 70 فیصد دوا ساز کمپنی اور 30 فیصد حکومت برداشت کرے گی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں سوئٹزرلینڈ کی دوا ساز کمپنی “روش” کے ساتھ اس معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوام کی صحت کے تحفظ اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔









