
(ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آسٹریا کے کاروباری طبقے کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات و کان کنی، سیاحت، ٹیکسٹائل و لیدر، قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان آئیں، حکومت ان کی میزبانی کرے گی، دونوں ممالک میں تعاون اور دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان- آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مضبوط بنیادوں پر استوار طویل دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آسٹرین کمپنیاں دہائیوں سے پاکستان میں کام کرتی رہی ہیں لیکن ماضی قریب میں بوجوہ اس میں کمی آئی، قابل تجدید توانائی، معدنیات و کان کنی اور سیاحت کے شعبے میں کئی آسٹرین کمپنیاں پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے چانسلر کرسچئین اسٹاکر کے ساتھ دوطرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کو بہت مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ملاقاتوں میں طے ہونے والے امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات دہائیوں پر محیط تاریخی حقائق پر مبنی ہیں، قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کا تعاون قابل تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہماری نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کے لئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کی ترقی کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت کا اہم انحصار زراعت پر ہے، 60 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے، زرعی ٹیکنالوجی کی ترقی اور گندم، مکئی اور گنے سمیت اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے کاوشیں جاری ہیں، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے لئے آسٹریا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے کیونکہ اس شعبے میں آسٹریا کا وسیع تجربہ اور مہارت ہے۔
انہوں نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔
وزیر اعظم نے مختلف شعبوں میں آسٹریا کی بزنس کمیونٹی کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت، قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ،ٹیکسٹائل، لیدر، ہائیڈرو پاور، سولر، بائیو ماس، سمارٹ سلوشنز، گرڈ ماڈرنائزیشن، انڈسٹریل آٹومیشن، مشینری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں، معاشی شعبے میں شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں، اپرل میں پاکستان ای بزنس فورم کا اسلام آباد میں انعقاد ہوگا۔
وزیراعظم نے آسٹرین سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی دعوت پر پاکستان آئیں، ہمارے مہمان بنیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں۔









