
(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔
قطر کے قومی دن کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قطر کے قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان کے قطر کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔
انہوں نے قومی دن کے پرمسرت موقع پر قطر کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امیر قطر کی مدبرانہ قیادت میں برادر ملک کی نمایاں ترقی پر خوشی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تنازعات اورپیچیدہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ، مفاہمت کے قیام، خطے اور دنیا میں امن اور استحکام کیلئے قطر کی قیادت کی کاوشوں اور اقدامات کو بھی سراہا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیفاورلڈکپ 2022ء کا کامیاب انعقاد قطر کی قیادت کے امن اور ترقی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اور قطر کے دفاعی پیداوار ، تجارت ، سرمایہ کاری ، عوام کے مابین رابطوں سمیت کثیر الجہتی تعلقات ہیں اور ہم مشترکہ خوشحال مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے قابل تجدید توانائی ، رئیل سٹیٹ ، انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار کو بھی سراہا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کے بعد پاکستان نے قطر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور عرب اسلامک سمٹ میں اہم کردار ادا کیا جبکہ قطر نے بھی رواں سال بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی بھرپور حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام قطر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ قطر میں مقیم پاکستانی برادر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ اور دیگر نے قطر کے قومی دن پر کیک کاٹا۔









