چین کی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے ٹیلر سوئفٹ، اولیویا روڈریگو اور دی ویکنڈ جیسی مشہور شخصیات کے گانوں کو اپنی ایپ سے ڈیلیٹ کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے اپنی ریکارڈ کمپنی، یونیورسل میوزک گروپ (UMG) کے ساتھ تنازعہ کے بعد ٹیلر سوئفٹ، اولیویا روڈریگو اور دی ویکنڈ جیسی مشہور شخصیات کے گانے ڈیلیٹ کردیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یونیورسل میوزک گروپ اور ٹِک ٹاک کے لائسنسنگ کا معاہدہ بدھ کو ختم ہو گیا اور نئے معاہدے پر بات چیت نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق، یونیورسل میوزک گروپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹک ٹاک نے ان مشہور گلوکاروں کے گانوں تک رسائی کے لیے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی قیمت سے مختلف قیمت ادا کرنے کی درخواست کی جبکہ ٹک ٹاک نے یونیورسل میوزک گروپ پر’جھوٹے بیانیے اور بیان بازی‘ کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس تنازع کے بعد ٹک ٹاک نے تمام معروف گلوکاروں کے یونیورسل میوزک گروپ کے بینر تلے ریلیز ہونے والے گانوں کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔
تاہم، صارفین ان گانوں کے ایسے ان آفیشل ورژنز کو استعمال کر سکتے ہیں جن کی رفتار کو بڑھا یا گھٹایا گیا ہو۔