
لاہور : پنجاب پولیس نے اپنے افسران اور جوانوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے جائزے کے لیے جامع سکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب ون نے صوبے بھر کے پولیس حکام کو مراسلہ بھیج کر اس اقدام کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
مراسلے کے مطابق پولیس فورس میں بڑھتے ہوئے ذہنی اور جسمانی دباؤ کے باعث افسروں اور جوانوں کو شیزوفرینیا، ڈپریشن، بائی پولر ڈس آرڈر سمیت متعدد امراض لاحق ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ یہ دباؤ جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے، سخت ڈیوٹی شیڈول، انتظامی، سماجی، معاشی اور سیاسی معاملات کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔
اس لیے صوبے کے تمام اضلاع و یونٹس میں منظم ذہنی اور جسمانی ہیلتھ اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ کانسٹیبل سے لے کر اعلی افسر تک ہر رینک کی اسکریننگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ انسپکٹر، ایس آئی، ڈی ایس پی، ایس پی اور ڈی آئی جی کی سکریننگ سینئر افسران کی نگرانی میں ہوگی۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ہر انچارج اپنے عملے کا انفرادی انٹرویو کرے اور مشتبہ کیسز کی تفصیلی جانچ ضلعی ہسپتال کے ماہر سائیکاٹرسٹ سے کرائی جائے۔
صوبے بھر سے جامع اسکریننگ رپورٹس 15 دسمبر تک سینٹرل پولیس آفس پنجاب کو بھجوانا لازمی ہوگا۔









