
لاہور : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور سے دیگر شہروں جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں کے کرایوں میں کمی کر دی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کرایے میں 60 روپے سے لے کر 200 روپے تک کی کمی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو سفر مزید آسان اور سستا ہو سکے۔
نئی کرایوں کی فہرست میں لاہور سے مختلف شہروں کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1910 روپے سے کم کر کے 1850 روپے، مری کا 2370 سے 2290 روپے، پشاور کا 2610 سے 2530 روپے اور مانسہرہ کا 2500 سے 2420 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایبٹ آباد کا کرایہ 2310 سے کم کر کے 2240 روپے، فیصل آباد کا 1010 سے 980 روپے، صادق آباد کا 2510 سے 2430 روپے، کراچی کا 5800 سے 5620 روپے، سکھر کا 3510 سے 3400 روپے اور ملتان کا 1700 سے 1650 روپے کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد بین الاضلاعی سفر کو شہریوں کے لیے مزید سہل بنانا اور معاشی طور پر ان پر بوجھ کم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے نئے سال کی آمد پر عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔









