
ویب ڈیسک: حیدرآباد پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ہوگی، ٹیم کو ایف کے ایس کے نے 175 کروڑ میں خریدا، پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی کے لیے اسلام آباد میں تقریب جاری ہے۔ جہاں ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خرید لی ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہورہا ہے، تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور وفاقی وزرا سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور حکام شریک ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کی نئی ٹیموں کے لیے نیلامی 110 کروڑ روپے سے شروع ہوئی۔ ابتدائی نیلامی کے بعد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم خرید لی۔ ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کے لیے حیدرآباد کا انتخاب کرلیا۔
تقریب کے شروع میں نیلامی میں حصہ لینے والے 10 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز کے سابقہ مالک علی ترین کی نیلامی سے دست برداری کے بعد اب 9 پارٹیوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
پی ایس ایل کی ایک دوسری ٹیم کا انتخاب راولپنڈی،فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے کیا جائے گا۔
تقریب کے آغاز میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔ اس کے علاوہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام سے نواز گیا۔









